Saturday 24 September 2011

....عرضِ مترجم ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ڈاکٹر کوثر محمود ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔Preface





عرضِ مترجم
اپنی کم علمی اور فکری کم مائیگی کا اعتراف کرتے ہوئے چند گزارشات گوش گزار کرنا چاہوں گا کہ یہ کتاب نہ صرف فرانسیسی بلکہ کسی بھی زبان سے اردو میں ترجمے کی میری پہلی کاوش ہے لہذا اس ترجمے کو ایک مبتدی کے ذوق و شوق کے حوالے سے دیکھا جائے۔ اس ترجمے کے حسن و قبح پر تو اہلِ نظر رائے دے سکتے ہیں لیکن یہ عرض کرتا چلوں کہ میں نے آج تک جو بھی کام کیے ہیں اُن میں سب سے زیاد ہ محنت اور مشقت اس کے لیے اُٹھائی ہے اور۲جنوری ۲۰۰۷ء سے لے کر آج ۱۰اگست ۲۰۰۷ء تک کی مسلسل شب بیداریوں کا نتیجہ آپ کے سامنے ہے۔
* مجھے اس کام پر آمادہ کرنے کے لیے بنیادی محرک معروف شاعر جناب ارشد معراجؔ اور افسانہ نگار جناب عاصم بٹ صاحب ہیں؛ ان دوستوں کے مسلسل اصراراور ہلاشیری کی وجہ سے یہ کام پایۂ تکمیل تک پہنچا ۔اگر کہیں سے کوئی حرفِ توصیف آیا تو بلاشبہ ان دونوں حضرات کی مساعی کا نتیجہ گنا جائے کیونکہ مجھ ایسے سُست الوجود آدمی سے اتنی مستقل مزاجی کی ہر گز توقع نہ تھی۔ میں نے یہی افسانے کیوں ترجمہ کیے؟ اس کا جواب بس یہی ہے کہ میں نے موپاساں کے جتنے افسانے پڑھے اُن میں سے سب سے زیادہ یہی پسند آئے۔
* حتیٰ الامکان کوشش کی ہے کہ لفظ بلفظ ترجمہ کیا جائے صرف چند ناگزیر مقامات پر معنوی ترجمہ عبارت کی روانی قائم رکھنے کے لیے ضروری تھا۔ تمام بین القوسین عبارات ،موپاساں کے الفاظ نہیں ہیں انہیں مترجم کی طرف سے عبارت میں تسلسل قائم رکھنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جائے ۔ علاوہ ازیں،نامانوس الفاظ، کرداروں اور واقعات کی تعلیقات میں تشریح و توضیح کی گئی ہے۔
* جناب ڈاکٹر ضیاءؔ الحسن صاحب کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اس کام میں تشویق دلائی اور اپنے قیمتی مشوروں سے نوازا۔موپاساں کا سوانحی خاکہ اور اس کے طرزِ نگارش کا مختصر تعارف ڈاکٹر صاحب کے اصرار پر طلباء کی رہنمائی کیلئے شامل کیا گیا ہے۔فرانسیسی زبان کے اساتذہ اور طلباء کے لیے اطلاع ہے کہ موپاساں کی تقریباً تمام نگارشات (فرنچ زبان میں )CD پر ناچیز کے پاس موجود ہیں مزید ترجمہ و تحقیق کے لیے یہ CD مترجم سے اور ڈاکٹر ضیاءؔ الحسن صاحب، شعبۂ اردو، اورینٹل کالج، لاہور سے بلامعاوضہ حاصل کی جاسکتی ہے۔
* یہ ترجمہ خشتِ اوّل کی طرح ہے امید ہے کہ آنیوالے اس پر شایانِ شان عمارت تعمیر کریں گے۔ اصحابِ نقدو نظر سے گزارش ہے کہ اس کام میں اگر کوئی غلطی یا کوتاہی نظر آئے تو ناچیز کو مطلع فرما کر احسان فرماویں اور اُردو ادب کی خدمت میں اپنا حصہ ڈالیں اور اگر کوئی خوبی نظر آئے تو میرے فرانسیسی زبان و ادب کے اساتذۂ کرام کے حق میں دُعا کیجئے۔

(ڈاکٹر کوثر محمود)
211-Q، ماڈل ٹاؤن توسیع ، لاہور
drkausarmahmood@hotmail.com
drkausarmahmood@gmail.com
Cell# + 93 300 8401157

No comments:

Post a Comment